مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کے علاقے میں جاری کشیدگی کے دوران کویت اور قطر نے اپنے فضائی دفاعی نظام کی مسلسل فعالیت کی تصدیق کی ہے، جبکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق کویتی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کی فضائی حدود میں ہونے والے فضائی حملوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج بدستور میزائل حملوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ روسی خبر رساں ایجنسی نووستی کے نامہ نگار کے مطابق دوحہ کے جنوبی علاقے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
ادھر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے سلطنت عمان پر دباؤ ڈال کر گزشتہ شب آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں چند بحری جہازوں کو غیرقانونی راستے سے گزارنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی بحریہ کے مؤثر ردعمل کے بعد یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ناکامی کے بعد امریکی فضائیہ نے جنوبی ساحلی علاقوں میں بعض ساحلی اڈوں اور مواصلاتی ٹاورز پر حملے کیے، جن کے جواب میں سپاہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خطے میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
سپاہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اردن کے پرنس حسن فضائی اڈے پر واقع اہم فوجی تنصیبات، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور MQ-9 ڈرونز کے ہینگرز کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے تو اسے اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ